لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بحران سے نکلنے کیلئے ملک میں فوری انتخابات کروائے جائیں، پاکستان میں انتخابات سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے، پنجاب اور خیبر پی کے اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں لیکن ابھی تک انتخاب کی تاریخ نہیں دی جا رہی۔ انتخابات کروانے کے بجائے انتقامی مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اوورسیز پاکستانی بیرون ملک ہمارا اثاثہ ہیں، پرویز الہٰی سے امریکی ڈیمو کریٹ پارٹی کے سینئر رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ طاہر جاوید نے کہا کہ جنرل باجوہ خاص طور پر اہم مسئلوں پر بلاتے اور مشاورت کرتے، امریکہ پاکستان میں کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنے گا۔ پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی کو ایس ایس پی حیدر آباد کی نگرانی میں سندھ پولیس کی بھاری نفری نے مٹیاری کے علاقہ سے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنی حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جا رہے تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے محمد خان بھٹی کو حراست میں لئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سندھ پولیس کی کھلم کھلا لاقانونیت ہے۔ یقین ظاہر کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس لاقانونیت کا فوری نوٹس لیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی نے خدشہ ظاہر کیا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو بھی اسی طرح لاپتہ نہ کر دیا جائے جس طرح ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں گزشتہ کئی روز سے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پولیس نے گجرات میں رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے۔