اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) توشہ خانہ کیس جب عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے آج 7فروری کو طلب کر رکھا ہے، دوسری طرف عمران خان نے عدالت کی ہدایت پر ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے ہیں۔ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی 22 نومبر 2022ء کو ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے پہلی سماعت کی۔ 12 دسمبر کو فوجداری کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ عدالت نے 12 دسمبر کو درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔ 15 دسمبر کو عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے۔ طلبی نوٹس کے باوجود عمران خان 9 جنوری کو عدالت پیش نہ ہوئے عدالت نے 9 جنوری کو طبی بنیادوں پر استثناء کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے 31 جنوری کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی۔ عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 7 فروری کو مقرر کر دی۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت پر پیش نہ ہونے پر ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ عمران خان کے وکیل علی بخاری نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے۔