سینٹ : پرویز مشرف کیلئے دعا پرایون تقسیم ، ترکیہ ، شام میں ہلاکتیں تعزیتی قرارداد منظور

Feb 07, 2023


سلام آباد (خبر نگار) ایوان بالا میں سابق صدر پرویز مشرف کیلئے فاتحہ خوانی کی حکومتی اراکین نے شدید مخالفت کی گئی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی  زیرصدارت سینٹ اجلاس میں چیئرمین سینٹ کی جانب سے ترکیہ، شام اور دیگر ممالک میں زلزلے سے جاںبحق ہونے والوں اور سابق صدر پرویز مشرف کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی درخواست کی تو حکومتی اراکین کی جانب سے سابق صدر کے لیے فاتحہ خوانی کی شدید مخالفت کی گئی۔  چیئر مین سینٹ نے سینیٹر مشتاق کو دعا کے لیے کہا۔ سینیٹر مشتاق نے بھی پرویز مشرف کے لیے دعا سے معذرت کر لی۔ جبکہ قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم سابق صدر پرویز مشرف کی فاتحہ خوانی کروانے پر اصرار کرتے رہے۔ حکومتی بینچوں پر شدید مخالفت کرتے ہوئے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ پھر چیئر مین سینٹ کے ڈائس کا گھیرائو کر لیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ ہاؤس کیسے چلائیں گے ایسی صورتحال میں، میں استعفی دے کر چلا جاتا ہوں، میں سب کو موقع دوں گا، سب اپنی نشستوں پر جائیں۔ چیئرمین سینٹ نے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بندکروا دیا۔ سینیٹر مشتاق نے کہاکہ میں ترکیہ اور دیگر ممالک میں قدرتی آفت سے  جاں بحق  ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا کروں گا، پرویز مشرف کی مغفرت کے لیے دعا نہیں کروں گا۔ سینیٹر شہزاد وسیم  نے کہاکہ جب کوئی اس دنیا سے چلا جاتا ہے تو اس کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں، پرویز مشرف کی مغفرت کے لیے دعا کرنے  میں  کیا حرج ہے؟۔ آج مجھے افسوس ہوا‘ اس سے بڑی آمریت کیا ہو گی۔ پرویز مشرف سے جب این آر او لیا، تب وہ اچھا تھا۔ آج کہاں ہے آئین، ہر روز آئین شکنی ہو رہی ہے، الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں، آئیں الیکشن میں اور مقابلہ کریں۔ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ اس کو تنہا نہیں کر سکتے۔ سینیٹر شہزاد وسیم  نے کہا کہ افسوس ہوا کہ ہم کسی کے لئے دعا سے گئے، پرویز مشرف کے لئے دعا کریں گے جس کی مرضی شامل ہو جائے۔  سینیٹر مولا بخش چانڈیو  نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور حمایت ہم آمروں کی کرتے ہیں۔ پرویز مشرف آئین شکن اور غدار تھا۔ جو مشرف کا یار ہے وہ بھی غدار ہے۔ ایوان بالا میں معمول کی کارروائی کو معطل کرتے ہوئے ترکیہ، لبنان اور شام میں شدید زلزلے کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان پر مسلم ملکوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کی قرارداد متفقہ منظور  کر لی گئی ہے۔ قراداد سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پیش کی۔ ایوان نے قراداد کی متفقہ منظوری دی۔ سینٹ آف پاکستان کی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں سے ترکی کے زلزلہ متاثرین کو فوری طبی اور مالی امداد کی اپیل  کی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے بیکنگ کمپنیاں ترمیمی بل مشترکہ اجلاس کے سپرد کر دیا ہے۔ سینٹ میں احساس انڈر گریجویٹ پروگرام جاری رکھنے اور دس ہزار نئے طلبا کے اندراج سے متعلق قرارداد کو مسترد  کر دیا گیا، مخالفت میں 26جبکہ حق میں 18ووٹ آئے، گوادر کے چھوٹے ماہی گیروں کے مطالبات جائز ہیں۔ ملک دشمن عناصر گوادر کے منصوبوں کو ثبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ سینیٹر مشتاق احمد نے گوادر حق دو تحریک کے سربراہ سمیت گرفتار لوگوں کو رہا کرنے کے لئے تحریک پیش کی۔  سینیٹر طاہر بزنجو  نے کہا کہ اگر حق دو تحریک کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اس سے بلوچستان میں بہت نقصان ہو سکتا ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کی روٹی روزی صدیوں سے مچھلی پکڑنا ہے، لیکن لوگوں کے لئے ماہی گیری کا پیشہ مشکل بنادیا گیا۔ بلوچ خواتین بھی احتجاج پر مجبور ہوگئیں۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ سینٹ نے گوادر میں پانی کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنائی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید  نے کہا کہ سندھ میں سی پیک پراجیکٹس کا دورہ کیا، تھر میں سندھ حکومت بہت بہتر کام کر رہی ہے۔ تھر ہمارے لئے ایک  کامیابی کی کہانی ہے۔

مزیدخبریں