تا ریخ تبدیل ، اے پی سی پر سوں ، سب کو بلایا ، وزیر اطلاعات ، با ضا بطہ دعوت ملی تو مشا ورت کرینگے : فواد

Feb 07, 2023


اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے اے پی سی کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔ یہ اب آج 7 فروری کی بجائے پرسوں 9 فروری کو ہو گی۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دہشتگردی کے مسئلے پر بلائی گئی اے پی سی 7  کے بجائے 9 فروری جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی و درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی۔ اے پی سی پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گی۔ اجلاس میں دہشت گردی اور معاشی مسائل پر بات ہو گی۔ عسکری قیادت دہشتگردی کی حالیہ لہر پر بریفنگ دے گی۔ افغانستان اور دیگر ممالک سے رابطوں پر سیکرٹری خارجہ بریفنگ دیں گے۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اعتماد میں لے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ایاز صادق سیاسی جماعتوں سے رابطوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے لیے پی ٹی آئی کو دعوت نامہ نہیں ملا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی ہے۔ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔ ادھر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جو ماحول بنا رکھا ہے اس سے یکجہتی پیدا نہیں ہو سکتی۔ ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے۔ حکومت رویے پر نظرثانی کرے تو ہم کدورتیں مٹا دیں گے۔ مجھے کل حکومتی نمائندوں نے فون پر زبانی دعوت دی‘ اے پی سی میں شرکت کی دعوت کا یہ مناسب طریقہ نہیں۔

مزیدخبریں