لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے بجلی کے بلوں پر اہم فیصلہ دیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے گھریلو صارفین کو 5 سو یونٹس تک سبسڈی دینے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ گزشتہ روز جسٹس علی باقر نجفی نے 3659 خواستوں پر فیصلہ سنایا ہے۔ وفاقی حکومت فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارج ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن، اینڈ ڈسٹری بیوشن آف الیکٹرک ایکٹ 1997ء کے تحت لیا جاتا ہے۔ اس قانون کی شق نمبر 31، ذیلی شق چار کے مطابق تمام بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ وہ تیل کی قیمتوں میں تبدیلی کے مطابق ہر ماہ کے سات دن تک بلوں میں قیمتیں ایڈجسٹ کریں گی۔ اسی شق کے مطابق تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیاں وفاقی حکومت کو یہ سرچارج ادا کریں گی۔ صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارج یونٹ کے حساب سے لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر بجلی صارف نے دسمبر میں 100 یونٹس استعمال کیے اور بل ایک ہزار روپے آیا لیکن دسمبر میں ہی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تو ڈسٹری بیوشن کمنپی اسی اضافے کے مطابق فی یونٹ کے حساب سے اس تبدیلی کو ایڈجسٹ کرے گی۔ اب وہی صارف جس کا بل دسمبر میں ایک ہزار تھا اور جنوری میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا ریٹ فی یونٹ ایک روپے بڑھا، تو یہی اضافہ ان سے جنوری کے بل میں وصول کیا جائے گا۔ فیول پرائس ایڈجسمنٹ سرچارج کی مد میں فی یونٹ اضافے کا تعین نیپرا کرتا ہے اور اسی حساب سے متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بذریعہ نوٹیفکیشن آگاہ کیا جاتا ہے۔ اگر تیل کے قیمتوں میں اضافہ ہو جائے، تب تو یقیناً یہ زیادہ ہوتا ہے لیکن اگر قیمتیں کم ہوں تو اسی حساب سے صارفین کے بلوں میں سے منہا بھی کیا جاتا ہے۔ یہ سرچارج وفاقی حکومت طے کرتی ہے اور ڈسٹری بیوشن کمپینوں کو صرف بتایا جاتا ہے کہ اس حساب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارج کے تحت بل بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ڈسٹری بیوشن کمپینوں کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ عدالت نے فیصلہ اکتوبر میں محفوظ کیا تھا۔
بجلی بلوں میں فیول ایڈ جسٹمنٹ چارجز غیر قا نونی قرار ، گھر یلو صارفین کو 500یو نٹ تک سبسڈی دی جا ئے : لاہور ہا ئیکورٹ
Feb 07, 2023