کم وقت میں تھوڑے مگر ہر کام مثالی کرنے کی کو شش کرینگے ، محسن نقوی 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی۔ اے پی این ایس کے ارکان نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اخباری صنعت کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کی یقین دہانی کرائی اور محکمہ اطلاعات کو اشتہارات کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہاکہ کم وقت میں کم کام ہوں گے مگر ہر کام مثالی کرنے کی کوشش کریں گے۔ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ منتخب سرکاری ہسپتالو ں میں 2گھنٹے کے اندر دل کے مریض کی مفت انجیوگرافی ہوگی۔ جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک چند ماہ میں مکمل کرائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ کلمہ چوک اور سمن آباد انڈر پاس کو وقت سے پہلے مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ اے پی این ایس کے وفد میں صدر سرمد علی، سینئر نائب صدر جمیل اطہر، نائب صدر شہاب زبیری، مجیب الرحمن شامی، خوشنود علی خان، ممبران سید سجاد بخاری، ممتاز اے طاہر، نوید چودھری، محمد وقارالدین، امتنان شاہد، سید ممتاز احمد شاہ، سید محمد منیر جیلانی، عمر مجیب شامی، گوہر زاہد ملک، ہمایوں گلزار، بلال محمود، فرقان ہاشمی شامل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محسن نقوی سے گورنر خیبر پی کے نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی کیلئے کاوشوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے 18 ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل جیپ ریلی کے شرکاء اور شائقین کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ جیپ ریلی کے ایونٹ کے دوران مقامی ہوٹلوں میں اوور چارجنگ کا تدارک کیا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے جیپ ریلی کے بارے میں قومی اور عالمی سطح پر تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ قلعہ دراوڑ اور دل وش سٹیڈیم  میں شائقین کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔  محسن نقوی نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو ٹیلی فون کیا اور ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب حکومت کی جانب سے 50 رکنی ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیم کو ترکیہ بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیم ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں جا کر فی الفور کام شروع کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...