الیکشن 90روز سے آگے گئے تو جیل بھرو تحریک شروع کرینگے ، عمران 

Feb 07, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شروع کر دیں گے۔ حکومت اور  پولیس عدالتوں کی بھی نہیں سنتی۔ آئین فیصلہ کرتا ہے جائز اور ناجائز کیا چیز ہے۔ حالات یہ ہیں کہ پولیس بھی عدالتوں کی بات نہیں سنتی۔ وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ عدالتوں نے انہیں حکم دیا اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کی فوری تاریخ دیں۔ ایک ماہ ہو گیا اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے۔ لوگوں پر سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرنے پر تشدد کیا جاتا ہے۔  ایک ٹویٹ پر اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا۔ اعظم سواتی کو دوبارہ جیل میں ڈالا گیا۔ 30 مقدمات درج کئے گئے۔ شیخ رشید کو عدالت نے ضمانت دی۔ اس کے باوجود اٹھا لیا گیا۔ شیخ رشید پر سندھ اور بلوچستان میں مقدمے درج کرا دیئے جاتے ہیں۔  عدالت چار مرتبہ کہتی ہے آئی جی پنجاب کو فواد چودھری کو پیش کریں۔ عدالتی حکم کے باوجود پولیس فواد چودھری کو اسلام آباد لے جاتی ہے۔ شہباز گل پر تشدد کیا گیا۔ 25 مئی کو پرامن لانگ مارچ تھا۔ عوام پر بدترین تشدد کیا گیا۔ عمران خان نے عوام کو جیل بھرو تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کر دی۔ عمران خان نے کہا کہ رضاکار جیل بھرو تحریک کیلئے اپنے نام لکھوائیں۔ ہمارے دور میں انہوں نے 3 مرتبہ دھرنے دیئے۔ لانگ مارچ کئے۔ ہم نے سختی نہیں کی۔ قوم کا آئین و قانون پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ ہم نے واضح بتایا تھا ان سے معیشت نہیں سنبھالی جائے گی۔ آ ج صورتحال سب کے سامنے ہے۔ ہمارے سامنے 2 راستے تھے‘ ایک تشدد کا‘ دوسرا جیل بھرو تحریک کا۔ ہم نے دوسرا راستہ اپنایا۔ جیل بھرو تحریک پرامن ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے ممکنہ امیدواروں کی لسٹ عمران خان کے حوالے کی گئی۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کارڈ سکیم بلاک کئے جانے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ پنجاب ہیلتھ کارڈ سکیم آبادی کی اکثریت کے لیے ایک نعمت تھی، اسے ختم کرنا ان دو کرپٹ خاندانی جماعتوں کی گھٹیا ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

مزیدخبریں