تر کیہ ، شام میں  قیامت ، 2800سے زائد افراد جاں بحق 

Feb 07, 2023


استنبول+  دمشق+ اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی)  ترکیہ کے جنوب اور شمالی شام میں 7.9 شدت کا شدید ہولناک زلزلہ سے قیامت ٹوٹ پڑی،متعدد بلند و بالا عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں ، 2800  سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، ترکیہ میں 1800سے زائد اور شام میں 1000 افراد ہلاک اور 5585  سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2800  سے زائد ہوگئی ہے۔ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد اور لاشیں نکالنے کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ ملکی تاریخی میں سب سے شدید زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور 5 ہزار 383 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ 1939 کے بعد ملک میں آنے والی یہ سب سے بڑی آفت ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شام کی وزارت صحت نے بتایا کہ شام کی حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 968 افراد ہلاک ہوگئے ۔  شام کے مختلف شہروں حلب، حما، لطاکیہ اور طرطوس سمیت حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں زلزلے سے لگ بھگ ایک ہزار 89 زخمی ہوگئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا۔ امریکی ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی تقریباً 17.9 کلومیٹر تھی، جس کے 15 منٹ بعد 6.7 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈنسی (اے ایف اے ڈی) نے پہلے زلزلے کی شدت 7.4 رپورٹ کی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا امید کرتے ہیں کہ ہم جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل آئیں گے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس وقت آیا جب زیادہ تر لوگ ابھی گھروں میں سو رہے تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔   تباہ کن زلزلے سے سینکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں ، زلزلے کے جھٹکے قبرص،  فلسطین،یونان، اردن، لبنان، جارجیا اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے، زلزلے کے خوف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، شدیدزلزلے سے ترکیہ کے کہرمان، عثمانیہ، ملاطیا، دریار بکر سمیت 10شہر زیادہ متاثر ہوئے، تباہ کن زلزلے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں  ہیں ، زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئیں،اس کے علاوہ ترک صدر طیب اردون نے ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی، ایک ہفتے تک سوگ کا اعلان کردیا، قومی پرچم سرنگوں رہے گا، ترکیہ کے صوبہ حاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، احتیاطی تدابیر کے طور پر حاطے میں قدرتی گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ تباہ کن زلزلے کے بعد امریکہ،  برطانیہ ،روس، چین ، پاکستان آذربائیجان  سمیت متعدد  ممالک نے ترکیہ  میں  امدادی سامان بھیجنے اور امدادی کاموں کے لئے ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے ،  آذر بائیجان  نے ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لئے فوری طور پر 370افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ روانہ کر دی ہے جبکہ امریکہ نے بھی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے،  امریکی صدرجو بائیڈن نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی اور دیگر وفاقی حکومت کے شراکت داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر علاقوں کے لوگوں کی فوری امداد کریں۔  اسرائیل کا شام میں امداد بھیجنے کا اعلان ۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیون کا جائزہ لے رہے ہیں، 

 اسلام آباد+لاہور  ( خبر نگار خصوصی+خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی)  وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور سینیٹ میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کے لیے دعا کی گئی۔وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں اور غم زدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر کہا کہ ڈاکٹروں، طبی عملے اور امدادی کارکنوں پر مشتمل ٹیمیں ترکیہ بھیجی جا رہی ہیں، ادویات اور دیگر ضروری اشیا لے کر ایک طیارہ بھی جلد ہی بھیجا جا رہا ہے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ نے بھی ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومتِ پاکستان اور عوام شدید صدمے میں ہیں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے ترکیہ اور شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرمرزامحمدآفریدی، قائدایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹرڈاکٹر شہزادوسیم، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پریوز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کا ترکیہ میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے تباہی کی شدت دنیا کی اجتماعی توجہ مانگ رہی ہے۔  بڑا جانی نقصان باعث رنج وغم ہے، دنیا قدرتی آفات کے مقابلے کے لئے متحد نہ ہوئی تو کوئی بھی نہیں بچے گا۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ترکی اور شام میں ہونے والے زلزلے پر   افسوس کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا اس سانحہ میں پاکستانی قوم جاں بحق افراد کی بلندی درجات کی دعا گو ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ترکیہ قونصل جنرل کو ٹیلی فون کیا۔ ترکیہ میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔مریم نواز نے کہا ہے کہ تباہ کن زلزلے پر برادر ملک ترکیہ، شام اور ہمسایہ ممالک کے عوام سے دلی دکھ اور اظہار افسوس کرتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ زلزلے کی تباہ کاریوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہم ترکیہ، شام اور لبنان کے اپنے بھائیوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم اپنے ان بھائیوں کیلئے درکار ہر قسم کی مدد و معاونت کیلئے تیار ہیں۔

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کل بدھ کو ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ہمراہ ہوں گے۔ وزیراعظم ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا  دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی سامان لیکر خصوصی طیارہ گزشتہ رات دس بجے روانہ ہو گیا۔ سی 130 طیارہ آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم لیکر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے گا۔ آج صبح دس بجے پی آئی اے کی پرواز سے 50 افراد اور 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ روانہ کیا جائے گا۔ امدادی ٹیم میں ریسکیو 1122 کے اہلکار شامل ہوں گے۔ آج لاہور سے سی 130 طیارہ سات ٹن امدادی سامان لیکر استنبول روانہ ہوگا۔ امدادی سامان میں کمبل، خیمے اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔ آٹھ فروری سے روزانہ  اسلام آباد اور لاہور سے امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔ وزارت صحت  اور آرمی میڈیکل کی ٹیمیں ترکیہ اور شام بھجوائی جائیں گی۔

مزیدخبریں