ملتان (سپیشل رپورٹر)سابق وفاقی وزیرپرویز رشید نے کہا ہے کہ کہ ملک میں مہنگائی کا جو طو فان آیا ہے اس کا ذمہ دار سازش سے اقتدار میں آنے والا عمران خان ہے۔ آئندہ انتخابات میں میں قوم عمران خان کو مکمل مسترد کر دے گی۔ عوام کے دلوں کی ترجمانی نواز شریف ہی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکال لے گی۔ ملک میں حالیہ مہنگائی کی لہر کا اصل سبب وہ معاہدے ہیں جو عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے۔ پھر ان معاہدوں کو پھاڑ دیا جس کے باعث آج دنیا پاکستان پر اعتبار کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ ہم آئی ایم ایف کے معاہدوں کو پورا کریں گے پھر پاکستان کو ان قرضوں سے نجات دلائیں گے۔ پاکستان ایک بار پھر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔