لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے قرآن کے ترجمے میں تحریف کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری اوقاف پنجاب سے 16 فروری کو جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے ایک متفرق درخواست پر پی ٹی اے کو متنازعہ ویب سائٹ بلاک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست گزار شہری حسن معاویہ کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں پی ٹی اے نے بھی متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بعض ویب سائٹ متنازعہ مواد شائع کرتے ہیں جبکہ بعض یہاں پاکستان میں رجسٹرڈ بھی نہیں ہیں۔ پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وکی پیڈیا ویب سائٹ پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔ اس نے پاکستان میں اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی ہے، جس پر اسے بند کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے متنازعہ اور ممنوع مواد شائع کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی ہے۔ درخواست گزرا حسن معاویہ نے موقف اختیار کیا کہ قرآن پاک کے ترجمے میں تحریف کے حوالے سے عدالت نے کارروائی کا حکم دیا ہے لیکن عدالتی حکم کے باوجود سوشل میڈیا اور گوگل ایپس سے توہین آمیز مواد نہیں ہٹایا گیا۔