لاہور (نیوز رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں صوبوں کے درمیان بالخصوص تعلیم کے شعبے میں رابطے کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ہم منصب نے خیبر پی کے میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا گذشتہ دنوں پولیس لائنز مسجد پشاور میں ہونے والے سانحہ پر دل بہت رنجیدہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اپنے ہم منصب کو یونیورسٹیوں کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے کہا کہ اس وقت ملک کو معاشی چیلنجز اور دہشت گردی سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں سینیٹر حافظ عبدلکریم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔ اتحادی حکومت وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی سربراہی میں ملک کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری بھی آ رہی ہے۔ سینیٹر حافظ عبدلکریم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے آئینی عہدوں پر بیٹھے گورنر، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف آئین اقدامات کی روایات کے برعکس موجودہ گورنر نے آئینی عہدے کی توقیر برقرار رکھی۔ دریں اثنا گورنر پنجاب نے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔