لاہور(خبرنگار)نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی کے افسروں کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کر نے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی کے دورہ کے موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ مویشی منڈیوں میں صفائی،پولیس کی تعیناتی، سیکورٹی اور سرویلئنس بہتر بنائی جائے اور پائیدار ترقی کے اصولوں کے مطابق کمپنی میں مسلسل بہتری لانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی آمدن میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی طرف توجہ دی جائے۔انہوں نے ہدائت کی کہ اوور چارجنگ کے ذمہ دار ٹھیکیداروں کو بھاری جرمانے کریں اور جانوروں کی موثر چیکنگ کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز اور عملے میں اضافہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے منڈیوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے وٹرنری یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے اور مختلف انتظامی و آپریشنل امور میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ منڈیوں میں وزن کے لحاظ سے جانوروں کی فروخت کا نظام بھی متعارف کرائیں اور جانور فروخت و خرید کرنے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ قبل ازیں کمپنی کے سی ای او لطیف خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے تحت صوبہ میں اس وقت 121 مویشی منڈیاں قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر تمام مویشی منڈیاں سرکاری زمین پر منتقل کر دی جائیں گی اور کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے وزیر بلدیات کی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔