لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے نائب امیر، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سالانہ اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر طویل مدت سے حل طلب مسئلہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانبداری اور بے حِسی کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کا اصل اور کلیدی فریق جموں و کشمیر کے عوام ہیں۔ حقِ خودارادیت ہی خطہ میں امن کا پائیدار حل ہے۔ ہندوستان فاشزم کی جو تدبیر اختیار کرے، کشمیریوں کی رگوں اور ہڈیوں سے بھی آزادی کا عزم ختم نہیں ہوسکتا۔ پاکستان، آزاد جمہوں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستی ادارہ پالیسی سازوں کو یک آواز، یک جان اور متفقہ قومی کشمیر پالیسی پر اکٹھا ہونا گا۔ خطہ میں پائیدار امن، استحکام اور اقتصادی و توانائی مسائل کا حل پاکستان، افغانستان اور ایران کے مضبوط، بااعتماد اور برادرانہ تعلقات میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ جموں و کشمیر کے جراتمند عوام کی پشتی بان رہے گی، آزادی سورج طلوع ہوگا، ہندوستان بکھرجائے گا اور ہندوستان میں بڑھتے ظلم کے سمندر میں خود ہندوستان ہی ڈوبے گا۔