لاہور(نیوز رپورٹر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے سیکرٹری انفارمیشن علی نواز ملک، سیکرٹری سیاحت احسان بھٹہ، کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور اور ایم ڈی ٹی ڈی سی پی آغا عباس کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں انٹرنیشنل ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام 18 ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کا 07 سے 12 فروری کو چولستان صحرا میں قلعہ دراوڑ میں ہو گا۔ ریلی کا فاصلہ 500کلو میٹر پر محیط ہو گا جس میں 150سے زیادہ تجربہ کار پروفیشنل ڈرائیورز ریلی میں اپنی مہارت آزمائیں گے۔ عامر میر نے کہا کہ ریلی کی نو گیٹگریز ہوں گی جن میں سے آٹھ سٹاک،پریپیڈ گاڑیوں کی جبکہ نویں گیٹگری خواتین کی ہو گی۔ ریلی کی کل انعامی رقم 50لاکھ روپے سے زیادہ ہو گی جو کہ نو گیٹگریز میں جیتنے والوں میں تقسیم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین ڈرائیورز اور بین الاقوامی ڈرائیورز بھی ریلی کا حصہ ہوں گے جبکہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے اضلاع ریلی کے روٹ میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کے علاوہ کلچر نائٹ، آتش بازی، ٹینٹ ویلج، اونٹ ریس، کبڈی اور نیزہ بازی کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے جبکہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں پیرا گلائیڈرز کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔ کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ آرمی ، رینجرز اور پولیس سکیورٹی فراہم کریں گے جبکہ تمام متعلقہ محکموں جن میں ریسکیو1122، محکمہ صحت، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 5 لاکھ لوگ ریلی دیکھنے آئیں گے جبکہ 3 ہزار سے زیادہ پولیس فورس سکیورٹی فراہم کرے گی۔
چولستان ڈیزرٹ ریلی میں پاکستانی خواتین بھی حصہ لیں گی: وزیر اطلاعات
Feb 07, 2023