اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔تفصیلا ت کے مطا بق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ’’کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت‘‘ کے عنوان سے سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں دانشوروں، صحافیوں، سفارت کاروں، طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔مصری دانشوروں اور تعلیمی اداروں کی نمائندگی کرنے والے مقررین نے کہا کہ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکو یکطرفہ اقدامات سے اس کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کردیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے اور اس دیرینہ مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی حکومت کے فاشسٹ، کشمیر دشمن اور مسلم دشمن اقدامات کی بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں سنگین انسانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس پر عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ مقررین میں سے ایک نے علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’’اقبال اور کشمیر‘‘ پر اپنی نظم سنائی اور برسر جدوجہدکشمیریوں کو سلام عقیدت پیش کیا۔پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت پر مقررین اور دیگر شرکاکو خراج تحسین پیش کیا۔ سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔تقریب میں کشمیر پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر بھارت کے غیر قانونی قبضے میں کشمیریوں کی حالت زار کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے والی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔
قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے سیمینار
Feb 07, 2023