کراچی(اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین سندھ، اہلیان سولجر بازار و ملی تنظیموں کی جانب سے یوم ولادت حضرت علی ؑ کی مناسبت سے کراچی محفل شاہ خراسان سے عزاخانہ زہرا نمائش چورنگی ریلی نکالی گئی اور جشن مولود کعبہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جشن کی صدارت ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنماعلامہ سجاد شبیررضوی نے کی جبکہ علامہ صادق جعفری،علامہ شاہ فروز الدین رحمانی، ناصر الحسینی،سلیم سچوانی،امین کھانڈوالہ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔علامہ سجاد شبیر رضوی کا خطاب میں کہنا تھا کہ عصرحاضر میں یہود و نصاری اور خوارج کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب ؑ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اس وقت اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کی وحدت و اخوت پر کاری ضرب لگانے کے لیے اپنی تمام تر قوت کے ساتھ مگن ہیں ان کی یہ کوشش ہے کہ دین اسلام کے پیروکار کو آپس میں الجھا کر کمزور کیا جا سکے تاکہ دین اسلام کے پیروکاروں پر انہیں غلبہ حاصل ہو لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔انہوں نے کہا اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے تحت شہر قائد کے تمام ضلعی دفاتر میں چراغاں و محفل میلاد، منقبت خوانی ودیگر سیرت امام علی ؑ سیمینار کا انعقاد کیا اور کیک بھی کاٹے گئے اور نامور علما، ذاکرین اور منقبت خوانوں بشمول شاہ حسین الدین رحمانی،محمد علی جلالوی ودیگر نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔