ٹڈاپ ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کریگی، زبیر موتی والا


کراچی(کامرس رپورٹر)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے چیئرمین زبیر موتی والا نے پاکستانی تاجروں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے 5 تا10 مارچ کو ایتھوپیا جانے والے پاکستانی تاجروں کے وفد کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ٹڈاپ کے سی ای او نے ایتھوپیا کے اعزازی قونصلیٹ جنرل ابراہیم تواب سے ملاقات کے دوران اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ ٹڈاپ ٹیم وفد کی تیاریوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹڈاپ اتھارٹی کے مختلف چینلز کے ذریعے پروموشن کرکے وفد میں ممتاز کاروباری برادری کی شرکت کو یقینی بنائے گا۔موتی والا نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری کو نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف ان کے اپنے کاروبار بڑھیں گے بلکہ قومی اقتصادی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔اعزازی قونصلیٹ تواب نے زبیر موتی والا کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ٹڈاپ کے چیئرمین کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کے لیے ایتھوپیا میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جو ایتھوپیا سے چائے، کافی، دالیں اور تیل کے بیج باآسانی درآمد کر سکتے ہیں جبکہ ایتھوپیا میں فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل مصنوعات، آلات جراحی، چاول، کیمیکل، سیمنٹ اور اسٹیل کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن