ریاض(کامرس ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ ملکی معدنیات کے ذخائر کا تخمینہ 5ٹریلین ریال تک لگایا گیا ہے۔سعودی اخبار نے وزارت صنعت و معدنیات کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال کے آخر تک 44 ہزار مربع کلو میٹر سیزیادہ کے رقبے پر377 معدنیاتی کانیں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کانیں 76 مکہ مکرمہ میں ہیں، ریاض 60 کانوں کے ساتھ دوسرے ، مدینہ منورہ 53 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، سب سے کم کانیں جن کی تعداد چار ہے حدود شمالیہ ریجن میں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں 20 سے زیادہ مختلف قسم کی معدنیات ریکارڈ کی گئی ہیں، ان میں آئرن، سونا، تانبا، گرینائٹ اور سنگ مرمر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔