سیاسی انتقام کیلئے غریب عوام کا روزگا ر چھیننافسطائیت ہے،کاشف چوہدری

Feb 07, 2023


اسلام آباد(نا مہ نگار)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی غریب عوام کے روزگا ر کو محض سیاسی انتقام کیلئے بلڈوز کرنا فسطائیت کی بد ترین مثال ہے ، سابقہ دور حکومت میں احساس پروگرام کے غربت مکائو مہم کے تحت سیکٹر آئی ٹین مرکز میں قائم کی جانے والے لائسنس یافتہ ریڑھی و ٹھیلے بانوں کے کاروبار کو چند روز قبل مسمار کرکے سینکڑوں گھرانوں کو زندہ درگور کر دیا گیا ہے ، سی ڈی اے نہ صرف ان غریب ریڑھی بانوں سے معافی مانگے بلکہ ان کے نقصان کا فوری ازالہ کرکے انہیں یا تو دوبارہ سے وہی کاروبار کی اجازت دی جائے یا پھر انہیں متبادل جگہ الاٹ کرکے باعزت روزگار کمانے کی سہولت فراہم کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوںنے متاثرہ ریڑھی و ٹھیلے بانوں ،ان کے اہل خانہ اور تاجروں کے ہمراہ چیف کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا تفصیلات کے مطابق پیر کو چیف کمشنر آفس کے سامنے سیکٹر آئی ٹین مرکز میں لائنس یافتہ ریڑھی بانوں کے کاروبار کو پولیس ، انتظامیہ کی موجود گی میں مسمار کیے جانے کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔جس کی قیادت مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کی ،اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی، متاثرہ ریڑھی بانوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

مزیدخبریں