لاہور (سپورٹس رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے۔ محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین ہیں، ان کو 3 سال کیلئے چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا، وہ چند روز میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمشنر پی سی بی شاہ خاور نے کہا کہ محسن نقوی بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، آج کے دن سے ہی وہ چیئرمین پی سی بی ہیں، آج ہی ان کو چارج دیدیا، وہ 3 سال کیلئے چیئرمین ہیں۔ محسن نقوی نگران وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ چیئرمین پی سی بی بن سکتے ہیں، قانون اور آئین میں پابندی نہیں کہ وہ چیئرمین فوری نہیں بن سکتے، ایسا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو آئین کے مطابق ہے، آنے والے ایونٹس میں اچھا کام اور فیصلے ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈکے پیٹرن، نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے محسن نقوی کو باضابطہ طور پر پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نو منتخب چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے باہر سے کوچز سے لاؤں گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سلمان نصیر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے دونوں عہدیداران کو دو ٹوک الفاظ میں تلقین کی ہے کہ پی سی بی کا بھلا چاہتا ہوں‘ پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتا ہوں۔ محسن نقوی نے مکالمہ کیا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے کوئی لوکل کوچز نہیں ہوں گے، سب باہر سے لاؤں گا، صرف ٹیم کی فکر ہے مجھے اور کسی کی فکر نہیں ۔ ملاقات کے دوران وہاب ریاض نے محسن نقوی کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ محسن نقوی کے غیر ملکی کوچز کے حق میں بات کرنے سے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔