لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک پر76برسوں سے مسلط کرپٹ حکمران طبقات اور خاندانوں کے اقتدار سے نجات کے لیے 8 فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔ الیکشن مہم کے آخری روز دیر پائن حلقہ این اے 6 میں روڈ کارواں کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو سچ اور جھوٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایک طرف جماعت اسلامی کی صورت میں قوم کی خدمت گار، وطن کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ، فلسطینیوں اور کشمیریوں سمیت امت کی ترجمان، استعمار مخالف، قانون اور انصاف کی حکمرانی کی خواہاں، کرپشن کی دشمن، اقلیتوں کی محافظ، خواتین کی حرمت و تقدس کی حفاظت کی علمبردار اور نوجوانان پاکستان کی امیدوں کا مرکز اسلامی نظریاتی جمہوری جماعت ہے تو دوسری جانب ملک کو مہنگائی، کرپشن، جہالت، بدامنی اور تعصبات پر تقسیم کرنے والے خاندان، پارٹیاں، ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں۔ فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔ یہ لوگ پھر آگئے تو حالات ہرگز نہ بدلیں گے۔ روڈ کارواں میدان، ثمرباغ سے ہوتا ہوا تیمرگرہ میں اختتام پذیر ہوا۔ صوبائی امیدواران جماعت اسلامی اعزازالملک افکاری، سعید گل اور صاحبزادہ یعقوب بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ ہزاروں نوجوانوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ امیر جماعت کا مختلف مقامات پر پرجوش استقبال ہوا۔الیکشن مہم کے آخری روز جماعت اسلامی کے ملک بھر میں نامزد قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران نے انتخابی جلسوں، ریلیوں اور کاروانوں کی قیادت کی۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے ملک میں اسلامی نظام کے حق میں نعرے لگائے اور ترازو کو ووٹ دینے کا عہد کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی منتخب ہو کر خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن قائم کرے گی۔ قوم کو متحد کر کے زہریلی پولرائزیشن کا خاتمہ کریں گے، عوام کو سودی معیشت سے نجات دلائیں گے۔ تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، کرپٹ افراد کا کڑا احتساب ہو گا، انصاف سب کے لیے اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے۔