پرامن، آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری، انٹرنیٹ، موبائل سروس بند نہیں ہو گی: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت الیکشن انتظامات کے سلسلے میں اجلاس میں وزیراعلی نے کہا کہ الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی اور کسی جگہ بھی انٹرنیٹ و موبائل سروس بند نہیں ہو گی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ 9فروری صبح فجر کے بعد فوری طور پر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے اور  9فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں۔ شام کو تمام علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد رپورٹ دی جائے۔ ضلعی انتظامی افسر شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں فرائض سرانجام دیں۔ پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر 1ارب روپے کی بچت کی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے۔ آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے کئی برس سے زیر التواء گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ مختلف شعبوں اور وارڈز کا دورہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب طبی سہولتوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال اور پی آئی سی میں 3 گھنٹے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ معیاری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں خالی اراضی پر لان بنایا جائے اور سروسز ہسپتال کے باہر لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر کے لئے فوری طور پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سٹیٹ آف آرٹ لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر سے ہسپتال کو ریونیو بھی حاصل ہو گا۔ دوسری جانب کئی برس پرانا پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر کا منصوبہ صرف 41 روز میں مکمل ہو گیا۔ محسن نقوی نے قربان لائنز کا دورہ کیا اور پولیس کے اپارٹمنٹس ’’ون لاہور‘‘کا افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے اپارٹمنٹس کی چابیاں خوش نصیب پولیس آفیسرز کو دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختصر دورانیے میں پولیس کی فلاح کے لئے جتنا کام کر سکتے تھے کیا ہے۔ محسن نقوی نے الحمراء میں لاہور بینالے تھری کی تقریب میں شرکت کی۔ بینالے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’’کوہ و بحر سے‘‘کی نمائش دیکھی۔ محسن نقوی نے سرامکس، منی ایچر کی نمائش اور آبی قلت کے امور پر ہائیڈرو گرافی ویڈیوز بھی دیکھیں۔ محسن نقوی نے کرتار پور کا دورہ کیا۔ درشنی ڈیوڑی کے باہر سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا اوربابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیاء دیکھیں۔ محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور تاریخی کنواں بھی دیکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سروپا پہنایا گیا اور کرپان پیش کی گئی۔ محسن نقوی سے بھارت سے آئے سکھ برادری نے ملاقات کی۔ دہلی سے آئی خاتون لیلتا اگر وال اور دیگر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ لیلتا اگر وال نے کہا کہ میں آپ کو جانتی ہوں کہ آپ پنجاب کے مکھ منتری ہیں۔ آپ نے سکھ برادری کو پنجاب میں بہت سہولتیں دی ہیں جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔ سکھ برادری نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ محسن نقوی خصوصی طور پر لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور کھانے کے معیار کی تعریف کی۔ کھانا بنانے والے افراد کو اپنی جیب سے انعام بھی دیا۔ محسن نقوی نے محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی کے ڈائریکٹر محمد اویس کے والد کے انتقال پرگہرے دکھ اور  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے 3 روز میں تیسرے بڑے شہر راولپنڈی میں تیسرے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ،کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر کیمروں کی مدد سے شہر میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ناممکن کو ممکن بنانے کیلئے دن رات محنت کی گئی۔ سیف سٹی اتھارٹی کا اب لاہور سے نکل کر پنجاب بھر میں دائرہ وسیع ہو چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن