معراج مصطفی  نظامِ مصطفی کے کامل ہونے کی دلیل ہے: اشرف جلالی

Feb 07, 2024

لاہور( خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام شاہ جلال ریسرچ سینٹر میں ’’معراجِ خاتم المعصومین کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: معراج مصطفی  نظامِ مصطفی کے کامل ہونے کی دلیل ہے کیونکہ جس ہستی نے شبِ معراج آیات اور ساری کائنات کا مشاہدہ کیا‘ اس ہستی کا نظام ہی انسان کو عروج دلا سکتا ہے۔ جس اْمت کے رسول ؐ معراج کی بلندیوں تک پہنچے اس اْمت کو پستیوں کا قیدی نہیں بنایا جاسکتا۔ معراج کا جشن منانا بہت بڑی سعادت مندی ہے۔ معراج النبی کے تذکرے سے اْمت کو بلندیوں کی طرف پرواز کرنے کا سبق ملتا ہے۔ اْمت مصطفی کی معراج اطاعت مصطفی میں موجودہے۔جو عرش کی بلندیوں سے ساری کائنات کا مشاہدہ کر رہے تھے، ان کا دیا ہوا نظام اور ضابطہ حیات ہی سب سے جامع اور کامل ترین ہوسکتا ہے۔آپ کی وسعتِ نگاہ نے ہر خطے اور ہر صدی کے مسائل کا حل عطا فرمایا ہے۔ سفرِ معراج میں دو مسجدوں کا ذکر واضح کر رہا ہے کہ اْمت کے دل میں مسجد کا شوق کس قدر ہونا چاہیے۔معجزہ معراج سے پتہ چلتا ہے دینی احکام اور دنیاوی امور کے لحاظ سے کوئی شخص بھی علوم مصطفی  کے ہم پلہ نہیں۔ معجزہ معراج کے مطالعہ سے نسل نو کیلئے انکشافات کی راہیں کھلتی ہیں۔

مزیدخبریں