لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر و امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 123 و 128لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ملک میں استحکام کا باعث بنے گا۔ الیکشن کو متنازع بنایا گیا، دھاندلی ہوئی یا ووٹرز کو ہراساں کرنے کے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے تو خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی نورا کشتی میں ملوث ہیں، عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں، ان کی اتحادی حکومت ناکام ترین تھی، باقی پارٹیاں بھی ایکسپوز ہوگئی ہیں، عوام کو ان آزمودہ حکمرانوں کا مکمل ادراک ہوچکا ہے اور اب یہ زبان زد عام ہے کہ جماعت اسلامی کو موقع دیا جائے، لوگ برملا کہہ رہے ہیں کہ جماعت اسلامی کے علاوہ سب کو آزما چکے، کامیاب ہوکر قومی ڈائیلاگ کے ذریعے زہریلی پولرائزیشن ختم کریں گے، معاشی استحکام لائیں گے۔منصورہ میں نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری جنرل و امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 126 امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے نقائص سے بھرپور پولنگ سکیم بنانے پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی۔