لاہور( این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کالج روڈ سب ڈویژن کے علاقے میں بجلی کی بڑی چوری پکڑ لی، 20لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف مہم کو مزید تیز کردیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے دن رات آپریشن کیے جار رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او کالج روڈ احمد رضاباجوہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، دوران آپریشن ایک ماربل فیکٹری کا میٹر مشکوک پایا گیا، چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ میٹر کو شینٹ لگا کر ٹمپر کیا گیا ہے، لیسکو ٹیم نے ٹمپر شدہ میٹر کو قبضے میں لے ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔ ملزمان کو 42ہزار 700 یونٹس ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا گیا ہے جس کی مالیت 20لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔