خرطوم(آئی این پی)سوڈان اور جنوبی سوڈان کے متنازعہ سرحدی علاقے ابی میں نسلی فسادات کے باعث تصادم سے 40شہری ہلاک ہوگئے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی سوڈان کی سوڈان کے ساتھ سرحد پر واقع ایک متنازعہ علاقے میں ہفتے کے آخر میں تشدد میں تقریبا 40افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے بہت سے عام شہری ہیں،مقامی حکام نے چار دیہاتوں میں نسلی فسادات سے ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ حملوں میں درجنوں افراد زخمی اور بیس سے زائد اغوا ہوئے ،ابی کے علاقے میں ڈنکا نسلی گروپ کے حریف دھڑوں کے درمیان ایک انتظامی حدود کے مقام پر تنازعہ کی وجہ سے اکثر جھڑپیں ہوتی رہی ہیں جہاں سرحد پار تجارت سے ٹیکس کی نمایاں آمدنی حاصل کی جاتی ہے،ابی ایک تیل سے مالا مال علاقہ ہے جو مشترکہ طور پر جنوبی سوڈان اور سوڈان کے زیر انتظام ہے تاہم، دونوں نے اس پر دعوے کیے ہیں،خطے کے وزیر اطلاعات بلیس کوچ نے کہا کہ 2اور 3فروری کو ہونے والے حملوں میں کئی بازاروں کو آگ لگا دی گئی اور املاک کو بھی لوٹ لیا گیا،انہوں نے کہا کہ اتوار کو الگ الگ حملوں میں مزید 18افراد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں تین بچے اور ایم ایس ایف کے لیے کام کرنے والے مقامی عملے کا ایک رکن بھی شامل ہے،جھڑپوں نے سیکڑوں افراد کو بھی بے گھر کر دیا ہے جنہوں نے اقوام متحدہ کی عبوری سکیورٹی فورس برائے ابی امن فوج کے احاطے میں پناہ لی تھی۔