گجرات (نامہ نگار) امیدوار پی پی 31، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین نے فیصل گیٹ میں انتخابی مہم کے اختتامی مراحل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خاندان کی سیاست کا آغاز چوہدری ظہو الٰہی شہید نے کیا۔ بڑی جدوجہد کی، لوگوں کے مسائل حل کئے۔ اس کے بعد چوہدری شجاعت حسین نے ان کے مشن خدمت اور رواداری کو جاری رکھا۔ اب ہم اپنے دادا اور والد کے مشن کو آگے لے کر خدمت کیلئے آئے ہیں۔ پیر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید شفاء اللہ بخاری، میاں حمید اللہ عثمانی، آصف بٹ کی جانب سے منعقد اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ یہ کوشش کی کہ خاندان متحد ہو کر چلے۔ میری اور سالک حسین کی خواہش بھی یہی تھی کہ ہمارا خاندان متحد ہو کر لوگوں کی خدمت کرے اور سب کا یہی یقین ہے کہ اگر خاندان اکٹھا چلے تو وہ مضبوط بھی ہوتا ہے۔ مگر ایک شخص جو کہ باہر بیٹھا ہے اس نے چوہدری شجاعت حسین کو 2سال پہلے کہہ دیا تھا کہ سیاست اپنی اپنی۔ اور اس شخص میں غرور اور انا بہت زیادہ ہے۔ اس وقت جو ظہور پیلس میں بیٹھ کر سیاست کر رہے ہیں اور ٹی وی میں انٹرویو دے رہے ہیں کہ شافع حسین اور سالک حسین نے گھر کے تالے توڑ دیئے۔ اللہ تعالیٰ کو پتہ ہے کہ آج کل کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ بول رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ میرے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ شافع 2004ء میں سیاست میں نہیں آیا تھا۔ اہل گجرات جانتے ہیں کہ میں 2001ء میں آیا اور لوگوں سے رابطے شروع کر دیئے۔