لودھراں (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی امیدوار عفت طاہرہ سومرو نے گزشتہ روز چیئرمین آئی پی پی جہانگیر ترین سے ملاقات کی عفت طاہرہ سومرو نے این اے 155 سے جہانگیر ترین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ جہانگیر ترین نے عفت طاہرہ سومرو کا خیر مقدم کیا اور مل کر سیاست کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عفت طاہرہ سومرو نے باقاعدہ ویڈیو بیان بھی جاری کیا، انہوں نے کہا کہ عوام جہانگیر ترین کو ووٹ دیں۔ دریں اثناء جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ووٹ کی طاقت سے پسماندگی اور محرومی کا خاتمہ کریں گے اور قومی وسائل کا رْخ ملتان، لودھراں، اور دیگر پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کا جائزہ لیں گے اور بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس امر کو یقینی بناؤں گا کہ پولیس، ریونیو اور دیگر محکمے قانون کے دائرہ کار کے اندر کام کریں اور لوگوں کو حقیقی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔انہو ں نے کہا کہ ہم نے تعلیم اور صحت کے میدان میں جو کام کیے ہیں اْس کے لیے حکومت کا انتظار نہیں کیا کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جن وسائل سے اللہ نے مجھے نوازا ہے، انہی میں سے بھی عوامی فلاح پر خرچ کرنا میرے پر لازم ہے۔
این اے 155: پی ٹی آئی امیدوار عفت طاہرہ جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار
Feb 07, 2024