لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز کے کرکٹر فیبین ایلن کو جوہانسبرگ میں ڈاکوں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا ۔ 28سالہ نوجوان ویسٹ انڈین کرکٹر فیبین ایلن کو سائوتھ افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے ایک ہوٹل کے باہر ڈاکوں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا،جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایلن سائوتھ افریقہ ٹی 20لیگ میں پارل رائلز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہیں ٹیم ہوٹل کے باہر ہولناک واقعہ کا سامنا کرنا پڑا،ڈاکووں نے آل رائونڈر سے ان کا فون، ذاتی سامان اور ایک بیگ چھینا اور فرار ہوگئے۔ایلن کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بعد لیگ پر اثر پڑ سکتا ہے کہ کھلاڑی جنوبی افریقہ میں سکیورٹی بارے فکر مند ہیں،اس واقعے کی تصدیق پارل رائلز ٹیم، لیگ انتظامیہ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز سے منسلک ذرائع نے کی ہے،ویسٹ انڈیز بورڈ سے منسلک ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعہ کے دوران ایلن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،پارل رائلز کی انتظامیہ نے کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ لیگ کے سرکاری ترجمان نے واقعہ پر تحقیقات کیلئے پولیس انکوائری شروع کردی جبکہ فیبین ایلن نے کوئی بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔