الیکشن 2024ئ: 111 پارٹیوں کی 275 خواتین، امیدوار انتخابات میں شریک: فافن 

Feb 07, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) الیکشن واچ ڈوگ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے عام انتخابات کیلئے جنرل نشستوں پر خواتین امیدواروں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 6 کروڑ کے لگ بھگ خواتین ووٹ دے سکتی ہیں، ان کے یہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے 111 سیاسی جماعتوں کی 275 خواتین امیدوار عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین امیدوار قومی اور و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر نامزد 6037 امیدواروں کا 4.6 فیصد ہیں۔ فافن کا یہ تجزیہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابی امیدواروں کے فارم 33 کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ فافن رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین نے 4.50 فیصد، مسلم لیگ ن نے 4.89 فیصد خواتین جبکہ جماعت اسلامی نے 3.70 فیصد خواتین کو جنرل نشست پر ٹکٹ دیے ہیں۔ اس کے علاوہ جے یو آئی ف نے خواتین امیدوار کو جنرل نشستوں پر 4.17 فیصد ،اے این پی نے 3.96 اور ایم کیو ایم پاکستان نے 5.76 فیصد خواتین کو ٹکٹ دیے۔ فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی نے 1.28 فیصد، جی ڈی اے نے 14.95 فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو دیے ہیں۔ اسی طرح بی این پی نے 4.84، نیشنل پارٹی نے 12.37، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے 1.85 فیصد اور بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن لڑنے کے لیے 7.89 فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دئیے ہیں۔ 

مزیدخبریں