وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کااسلام آباد میں ای روزگار مرکز کا افتتاح 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کردیا، ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے زیر اہتمام این ٹی ایس بلڈنگ میں قائم جدید ترین ای روزگار مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے۔ جس میں فری لانسرز کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ جسے بعد میں 300 ورک اسٹیشنز تک توسیع دی جاسکتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی ٹی محترمہ عائشہ موریانی، ممبرآئی ٹی سید جنید امام، پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر احمد، چیئرمین ای سی سروسز نذیر احمد قریشی سمیت وزارتِ آئی ٹی کے دیگر حکام اور فری لانسرز کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرآئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ مرکز کے قیام سے ملک بھرمیں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کے منصوبے کاآغاز ہوگیا، اور ہم نے عوام سے کیئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل بھی کردی ہے، جہاں ملک کے 15 لاکھ فری لانسرز میں سے نمایاں تعداد اور ا?نے والے نئے فری لانسرز کیلئے انتہائی کم کرائے پرآزادانہ طور پر کام کرنے کے بہترین مواقع مہیا کیئے جارہے ہیں۔ ان سہولیات میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، یوپی ایس،ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز، میٹنگ رومز اوراسٹارٹ اپس کیلئے الگ سے آفس رومز شامل ہیں۔ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز تک آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ ای روزگار مراکز کے قیام کیلئے نجی شعبے اور ای مراکز قائم کرنے کے خواہشمند بلڈنگ مالکان کو وزیراعظم اسکیم کے تحت بلاسود قرضے فراہم کیئے جائیں گے جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز فراہمی اور مطلوبہ تیکنیکی معاونت کا ذمہ دار ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن