عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے،مشعال ملک 

Feb 07, 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اگر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو دنیا کو تیسری جنگ عظیم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی حکومت کی اکھنڈ بھارت بنانے کی کوششوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور اسرائیل کی حکومتیں عالمی امن کے لیے بڑے خطرات ہیںکیونکہ مودی مقبوضہ کشمیر اور نیتن یاہو فلسطین میں وحشیانہ نسل کشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو اندھا دھند کشمیری ڈومیسائل دے کر جموں و کشمیر کی آبادی کو تبدیل کر رہا ہے جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی سرپرستی میں مسلم وراثت کے خاتمے کی کوششوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ایک کشمیر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حکومت کو مسئلہ کمشیر کے بارے میں ایک طویل المدتی اسٹریٹجک پلان تیار کر کے دے گی۔ یونیورسٹیوں میں کشمیر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور کشمیر کاز کو ضلعی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور حق خود ارادیت کے حصول تک ان کیلئے اخلاقی، سفارتی اور ہر ممکن سطح پر آواز اٹھاتا رہے رکھے گا۔تقریب سے انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، رانا محمد اکرم، رانا سعید دوشی، محترمہ ناصرہ علی، اور شہباز چوہان نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں