سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکرنثاراحمد کھوڑوکی صدارت میں شروع ہوا تو وزیرقانون ایاز سومرو نے گورنرپنجاب کے قتل کے خلاف مذمتی قراردادپیش کی۔ قرارداد پر اظہارخیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے ارکان شازیہ مری ، زاہد بھرگڑی ، توقیرفاطمہ بھٹو شہلا رضا اور دیگرنے سلمان تاثیرکے قتل کو سیاسی قراردیتے ہوئے کہاکہ گورنرپنجاب کے قتل میں ہروہ شخص ذمہ دارہے جس نے ان کے مؤقف کی غلط تشریح کی۔ اپوزیشن لیڈرجام مدد علی نے کہاکہ گورنرپنجاب کے قتل کی تحقیقات میں تمام امورکو مدنظررکھا جانا چاہیئے، متحدہ قومی مومنٹ کے سید سرداراحمد نے بھی قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی جامع تحقیقات ہونی چاہیئں۔ ایوان نے مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی، اس سے قبل جب اجلاس شروع ہوا تو گورنرپنجاب سلمان تاثیرکے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی،سپیکرنے سندھ اسمبلی کا اجلاس پیرکی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔