قندھار (اے ایف پی/ نوائے وقت نیوز/ ثناءنیوز) افغانستان کے جنوبی علاقے میں 2 خودکش حملوں میں بچے سمیت 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق 2 حملہ آوروں نے کونسل بلڈنگ میں جاری قبائلی عمائدین کے اجلاس کو نشانہ بنایا۔ قندھار پولیس سربراہ کے ترجمان کے مطابق پاکستانی سرحد کے قریب سپن بولدک ٹاﺅن کی کونسل بلڈنگ میں اجلاس جاری تھا کہ 2 حملہ آوروں نے اجلاس میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ادھر افغان طالبان نے 2014 میں نیٹو فوجی مشن کے خاتمے کے بعد افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی پر طویل المدتی جنگ سے خبردار کیا ہے۔ طالبان کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکہ افغانستان میں چھوٹی یا بڑی تعداد میں اپنے فوجی تعینات رکھنا چاہتا ہے تو اس کا مطلب ہو گا کہ یہ غیر ملکی فوجی جتنے عرصے کیلئے افغانستان میں تعینات رہیں گے، اتنی ہی دیر تک جنگ اور تباہی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اگر حامد کرزئی یا کابل حکومت افغانستان میں ایک بھی امریکی فوجی کی تعیناتی کیلئے اتفاق کرتی ہے تو ہلاکتوں اور تباہی کی ذمہ داری انہی پر عائد ہو گی۔ یہ بیان کرزئی کے دورہ امریکہ کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔