اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات میں انہیں منانے نہیں بلکہ دھمکیوں سے آگاہ کرنے جا رہا ہوں موجودہ حکومت نے بہت سے شارٹ اور لانگ مارچ دیکھے ہیں، بھارتی اداکار شتروگن سنہا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا طاہرالقادری سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے آج بروز پیر ملاقات کرکے لاہورجاﺅں گا ملاقات کا مقصد مذاکرات نہیں سکیورٹی خدشات سے آگاہ کروں گا۔ طاہرالقادری کو لانگ مارچ سے نہیں روکیں گے بلکہ پوچھوں گا لانگ مارچ میں کیا سہولتیں درکار ہیں؟ ر حمان ملک نے پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے کہا عوامی را بطے کے بغیر دوستی نہیں بڑھ سکتی، پاکستان بھارت ویزا پالیسی کے اچھے نتائج نکلیں گے جبکہ تجارت میں بھی فوائد حاصل ہوں گے دونوں ممالک کے اچھے تعلقات میں بعض عالمی طاقتیں رکاوٹ ہیں، عوام اورحکومت بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اس موقع پر اداکار شتروگن سنہا نے کہا بی جے پی اقتدار میں آ کر پاکستان بھارت دوستی آگے بڑھائے گی اس میں رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں دونوں ممالک کے درمیان نرم ویزا پالیسی اور آزادانہ تجارت چاہتے ہیں۔
طاہرالقادری کو آج دھمکیوںکا بتاﺅنگا، منانے نہیں جارہا: رحمن ملک
Jan 07, 2013