اسلام آباد (اے این این) جوڈیشل کمشن نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان کو سپریم کورٹ میں بطور جج اور ان کی جگہ جسٹس فصیح الملک کو پشاور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کردی۔ پیر کو کمشن کا اجلاس چیف جسٹس سپریم کورٹ تصدق حسین جیلانی کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر پرویز رشید نے بھی شرکت کی جن کے پاس وزارت قانون کا اضافی چارج ہے۔ اجلاس میں جوڈیشل کمشن کے تمام ممبر شریک ہوئے اور اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمشن نے جسٹس تصدق حسین جیلانی کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ میں خالی ہونے والی نشست پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان کو تعینات کرنے کی سفارش کی جبکہ ان کی جگہ جسٹس فصیح الملک کو پشاور ہائی کورٹ کا نیاچیف جسٹس بنانے کی سفارش کی۔ جسٹس فصیح الملک پشاور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ سپریم کورٹ میں تعیناتی کے لئے کسی بھی جج کا ہائی کورٹ میں کم از کم پانچ سال بطور جج خدمات انجام دینا آئینی تقاضا ہے اس لئے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔