راولپنڈی (اے این این + آن لائن + آئی این پی + این این آئی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں شہید اور زخمی ہونے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے مادر وطن کیلئے جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں ہو سکتی، زخمی ہونے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں اور قوم کو ان پر فخر ہے، معذور ہونے والے جوانوں سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی اور معذور ہونے والے فوجی جوانوں کی بحالی اور تربیت سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے بحالی مرکز میں ری سیٹلمنٹس ووکیشنل تربیتی مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا پاک فوج قربانی دینے والوں کی قدر کرتی ہے ان کے فلاح و بہبود اور زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، پاک فوج جوانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ آرمی چیف نے جنگ کے دوران معذور ہونے والے جوانوں کی بھی حوصلہ افزائی کی اور یقین دلایا انہیں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کو زخمی جوانوں کی بحالی اور تربیتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے بحالی سنٹر میں سہولیات کے معیار کو سراہا اور زخمی جوانوں کی خدمت اور علاج پر ڈاکٹروں اور سٹاف کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا زخمی اور معذور جوانوں کو کارآمد شہری بنانے کیلئے ادارے کا کردار اور خدمات قابل تحسین ہیں۔ قبل ازیں ری ہیبلی ٹیشن سنٹر پہنچنے پر پاک فوج کے سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل اظہر رشید نے چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف
مادر وطن کیلئے جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں‘ زخمی فوجی ہمارے ہیرو ہیں : آرمی چیف
مادر وطن کیلئے جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں‘ زخمی فوجی ہمارے ہیرو ہیں : آرمی چیف
Jan 07, 2014