لاہور (سپورٹس رپورٹر) دوسرا چوہدری محمد اکرم میموریل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ منٹگمری پارک اولڈ الیون نے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک اور سلمان بٹ نے منٹگمری پارک منٹگمری روڈ پر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چار مقامی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں منٹگمری پارک اولڈ الیون، منٹگمری پارک ینگ الیون، بٹ الیون اور خان الیون کی ٹیمیں شامل تھیں ۔ابتدائی میچ میں منٹگمری پارک ینگ الیون نے بٹ الیون کو شکست دی۔ دوسرے میچ میں منٹگمری پارک اولڈ الیون نے خان الیون کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ اس موقع پر ویسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری شعیب ڈار، فرسٹ کلاس امپائر محمد باسر، چوہدری محمد الیاس، خواجہ سلمان ارمغانی بھی موجود تھے۔ فائنل میں منٹگمری پارک ینگ الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اووروں میں51رنز بنائے سید ارمغان نے18، محمد فیاض صدیقی نے12اور حافظ عثمان نے10رنزبنائے جواب میں منٹگمری پارک اولڈ الیون نے آخری اورتیسری بال پر 52 رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔ چوہدری عبدالرحمن نے25رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔