گوجرانوالہ، کامونکے اور حافظ آباد میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

Jan 07, 2014

گوجرانوالہ+ کامونکے+ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) گوجرانوالہ، کامونکے اور حافظ آباد میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں نگار پھاٹک کے قریب تیز رفتار ویگن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار تین محنت کش نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ پیپلز کالونی میں واقع نان شاپ پر ملازمت کرنیوالے پردیسی محنت کش اسرار، چاند اور جعفر حسب معمول بخاری کالونی سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شاپ پر جا رہے تھے نگار پھاٹک کے قریب ان کی موٹر سائیکل کو مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار ٹیوٹا ویگن نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں شدید زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ اسرارکا تعلق نارووال سے، چاند لاہور اور جعفر فیصل آباد کا رہائشی تھا اور یہ تینوں بخاری کالونی میں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ کامونکے میں محلہ پاک ٹائون کی  75سالہ بخت بی بی زوجہ حاتم ٹیلی فون ایکسچینج  کے قریب سے سڑک عبورکرنے لگی  اسی اثناء میں وہاں سے گزرنے والی کار نے اْسے ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی ورثا نے اتفاقیہ حادثہ قرار دیکر معاف کردیا۔ علاوہ ازیں حافظ آباد میں موٹروے پر کار حادثہ کے نتیجہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد کے ڈاکٹر محمد نعیم جاں بحق جبکہ انکی اہلیہ اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکٹر محمد نعیم اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور جا رہے تھے موٹروے پر انکی کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اْلٹ گئی جس کے نتیجہ میں ڈاکٹر محمد نعیم انکی اہلیہ اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے جنہیں موٹر وے پولیس نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹر محمد نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ انکی اہلیہ اور ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے مرحوم کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔

مزیدخبریں