کوئٹہ (آن لائن) صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے زکوٰۃ و عشر میر عبدالماجد ابڑو پر حملے کو بزدلانہ عمل قرار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن بیرونی عناصر بلوچستان میں حالات کی خرابی میں ملوث ہیں بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کے فنڈ سے یہاں لشکر چل رہے ہیں علیحدگی پسندوں سے متعلق دوہری سوچ کو ختم کئے بغیر شورش میں کمی نہیں لائی جاسکتی دہشت گرد کو دہشت گرد کہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو یہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے زکوٰۃ و عشر میر عبدالماجد ابڑو کی رہائشگاہ پر ان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیاصوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی بات پر تو شور مچایا گیا لیکن پاکستان توڑنے والے والوں کو ناراض بلوچ کا نام دیدیا جاتا ہے۔ مسائل کے حل کے لئے بلوچستان صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے لیکن کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ امن و امان خراب کرنے والے ہم سے مذاکرات کرینگے یا نہیں طالبان شوریٰ کی موجودگی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات کی خرابی میں طالبان عنصر ملوث نہیں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں صوبے کے حالات خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ادارہ ’’را‘‘ ملوث ہے جس کے فنڈز سے لشکر چل رہے ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کی پالیسی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے بلوچستان کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے تاہم اس سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس بلانے میں تاخیر ہوگئی ہے۔ ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے صوبے کی حالات میں بہتری آئی ہے۔
دہشت گردوں کو ناراض بلوچ کہنے سے حالات میں بہتری نہیں آئیگی: وزیر داخلہ بلوچستان
Jan 07, 2014