پشاور (نوائے وقت نیوز) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس تنظیم کی رہنما آمنہ مسعود جنجوعہ نے لاپتہ افراد کے معاملہ کے حوالے سے گذشتہ روز ڈپٹی سپیکر خیبر پی کے اسمبلی امتیاز شاہد سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے ڈپٹی سپیکر کو بتایا کہ 1196 لاپتہ افراد میں سے 527 کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ بہت گھمبیر ہے۔ سیاسی قیادت کو خفیہ اداروں سے بات کرکے حل نکالنا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔ عدالتیں فعال ہیں مگر حکومتوں کے کردار کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ ڈپٹی سپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ لاپتہ افراد کی بازیابی میں بھرپور تعاون کریں گے۔