اسلام آباد (ثناء نیوز) پیسکو کے کنٹرول کے معاملے پر تاحال وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپی کے حکومت کو کوئی خط ارسال کیاگیا ہے نہ وزیر اعظم نے اس حوالے سے تاحال وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک کے خط کے جواب دیا ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پیسکو کا کنٹرول خیبر پی کے حکومت کے سپرد کرنے کی اصولی منظوری دی تھی۔ وفاقی حکومت کے اس اعلان پر پیسکو کا کنٹرول لینے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے خود پہل کرتے ہوئے سات نکات پر مشتمل وزیر اعظم کو خط لکھ دیا تھا۔ پیسکو کے کنٹرول کے معاملے پر پیکیج کی تجویز دی گئی تھی جس کے تحت صوبے میں بجلی کی پیدواری صلاحیت اس کی ترسیل اور بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کا اختیار بھی مانگا گیا تھا۔ اس معاملے میں پیشرفت کے بارے میںگزشتہ روز اسلام آباد میں ثناء نیوز کے استفسار پر وزیراعلی پرویز خٹک نے اس کی نفی کی اور کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی خط آیا ہے نہ وزیراعظم نے ان کے خط کا جواب دیا ہے۔