اسلام آباد (ثناء نیوز) سینٹ کی خصوصی کمیٹی نے وزارت دفاع سے فوجی زمینوں کے کاروباری استعمال سے متعلق سروے رپورٹ مانگ لی ہے۔ وزارت دفاع کو بلوچستان میں قبائل کی زمینوں کو تحویل میں لینے کے معاملے پر صوبے کے ارکان پارلیمنٹ کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کمیٹی نے نوشہرہ کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں کے لیے دو ہفتوں میں وزارت خزانہ کو نئی سمری بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر افراسیاب خٹک کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔کمیٹی نے فوجی عدالتوں میںزمینوں اور دیگر جائیداروں کے کمرشل استعمال کے جائزہ کے بارے میں سپرد ٹاسک پر کام شروع کر دیا ہے۔سفارشات ایوان بالا میں پیش کی جائیں گی۔وزارت دفاع سے اے ون عسکری زمینوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ کمیٹی نے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی عدم شرکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر دفاع کی عدم موجودگی پر متذکرہ معاملے پر بحث نہ ہو سکی۔کمیٹی وزیر دفاع کی موجودگی میںفوجی زمینوں کے کاروباری استعمال کے معاملے کا جائزہ لینا چاہتی ہے۔