اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت میاں بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی کی سربراہی میں ادارہ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق وزیراعظم جلد ایچ ای سی کے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کردیں گے‘ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وزارت تعلیم کی صوبوں کو منتقلی سے تعلیمی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے‘ حکومت یکساں نصاب و نظام تعلیم کیلئے چاروں صوبوں سے مشاورت کررہی ہے‘ ملکی و غیرملکی سطح پر فنی تعلیم کے فروغ کیلئے وفاقی سطح پر نیشنل بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن تشکیل دے رہے ہیں۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کو بریفنگ دے رہے تھے۔کمیٹی نے وزارت تعلیم و تربیت سے منسلک کچھ اداروں کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے وزارت کو ہدایت کی ہے کہ اداروں کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت و ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اجلاس گذشتہ روز چیئرمین قائمہ کمیٹی گلزار خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی‘ وزیر مملکت میاں بلیغ الرحمن‘ سیکرٹری وزارت تعلیم و تربیت احمد بخش لہڑی‘ قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی سید امتیاز گیلانی سمیت وزارت اور اس سے منسلکہ تمام اداروں کے سربراہوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی کا ایجنڈا وزارت اور اس سے منسلک تمام اداروں کی کارکردگی اور ان کے امور کا جائزہ لینا تھا۔ سیکرٹری وزارت تعلیم و تربیت احمد بخش لہڑی نے وزارت کی کارکردگی اور ان کے امور سے متعلق بریفنگ دی جبکہ وزارت سے منسلک ادارے جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن‘ نیشنل ٹریننگ بیورو‘ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن‘ نیوٹیک‘ یونیسکو پاکستان اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ سمیت دیگر اداروں کے سربراہون اور حکام نے کمیٹی اراکین کو ادارے کے امور اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم جلد ایچ ای سی کے مستقل چیئرمین کا تقرر کر دینگے: وزیر مملکت بلیغ الرحمان
Jan 07, 2014