تہران (اے پی پی) ایران نے امریکی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی بحران پر جینوا ٹو کانفرنس میں ایران کی شرکت کا فیصلہ ایرانی قیادت کو کرنا ہے، امریکی وزیر خارجہ کی ڈکٹیشن پر فیصلہ نہیں ہوگا۔ شامی بحران کا حل صرف اور صرف سیاسی ڈائیلاگ اور عوامی فیصلہ ہے۔ پیر کو ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افغم نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ شامی بحران کو حل کرنے کیلئے جینوا ٹو کانفرنس میں کوئی ایسا منصوبہ اور ایسی تجاویز قبول نہیں کی جائیں گی جس میں ایران کی عزت و وقار کا احترام نہیں ہوگا۔ ہم آج بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ شام میں مقامی لوگوں کے درمیان ڈائیلاگ اور مفاہمت کرائی جائے، مقامی لوگ ہی اپنے مستقبل اور حکومت کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ امریکہ جینوا ٹو کانفرنس میں ایران کے کردار اور شرکت بارے متضاد بیانات سے گریز کرے۔ یاد رہے کہ امریکی وزیر خاجہ جان کیری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران جینوا ٹو کانفرنس میں شرکت کرکے شامی بحران کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
شامی بحران پر جنیوا ٹو کانفرنس‘ ایران نے امریکی تجویز مسترد کر دی
Jan 07, 2014