اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پیس سٹیڈیز کی 2014ء میں سکیورٹی صورتحال پر رپورٹ سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں 2014ء کے دوران پاکستان کی داخلی سلامتی کو لاحق خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق داعش کا اثرورسوخ روزبروز بڑھ رہا ہے، داعش پاکستان کیلئے حقیقی اور مسلسل بڑھتا ہوا خطرہ ہے جبکہ بلوچستان کی صورتحال زیادہ مخدوش ہے۔ رپورٹ کے مطابقپاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں30 فیصد کمی آئی ہے جبکہ 2014ء میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے 1200حملوں میں 1723 افراد جاں بحق اور 3143 زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر 436 کے قریب حملے کئے گئے اور 217 حملوں میں عام شہریوں کو نشانا بنایا گیا جبکہ دیگر واقعات میں سرکاری ادارے، سرکاری تنصیبات، عبادت گاہوں اور سکولوں کو نشانا بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی زیادہ تر کارروائیاں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں کی گئیں جس میں 2000 کے قریب دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا جہاں341 دہشت گردی کے واقعات دیکھنے میں آئے جس میں 375 افراد جاں بحق اور926 زخمی ہوئے۔ ہلاکتوں کے حوالے سے خیبر پی کے سرفہرست رہا جہاں دہشت گرد حملوں میں542 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے اور829 زخمی ہوئے۔