اوکاڑہ + دیپالپور + منڈی بہائو الدین + لاہور ( نامہ نگاران + خبرنگار) دیپالپور میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں۔ دیپال پور کے نواحی گائوں 37 ڈی کا محمد اشرف اپنے بچوں عرفان اور رمشاء کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا سوبھارام کے قریب ان کی موٹر سائیکل مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا کر ٹرالر کے نیچے آگئی جس سے وہ کچلے گئے اشرف اسکا بیٹا عرفان، بیٹی رمشاء موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرا موٹر سائیکل سوار لیاقت علی بھی زخمو ں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میںدم توڑ ہو گیا۔ دوسرا حادثہ حویلی لکھا روڈ پر پیش آیا جہاں دیپالپور سے حویلی لکھا جانے والی تیز رفتار مسافر کوسٹر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے باعث ایک کمسن بچہ اور خاتون جاںکلثوم بی بی جاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے 6 افراد کی ہلاکت پر ہر آنکھ اشک بار رہی اور شہر بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اوکاڑہ کے قریب دیپالپور روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے حادثہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں منڈی بہائو الدین میں تیز رفتار مسافر وین اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر سے دوافراد جاں بحق جبکہ وین ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ چوٹ کلاں کے اکرم اور مشتاق احمد موٹر سائیکل پر پھالیہ جا رہے تھے سید اشرف کے قریب پھالیہ سے آنے والی تیز رفتار مسافر وین سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔