لاہور: سود خور کے طعنوں سے تنگ آکر دو بچوں کے باپ، گجرات میں نوجوان کی خودکشی

Jan 07, 2016

لاہور + گجرات (نامہ نگاران) شیراکوٹ کے علاقے میں سودخور کے طعنوں سے تنگ آکر دو بچوں کے باپ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ بہاولنگر کا فرحان لاہور میں ایک سیکورٹی کمپنی میں کام کرتا تھا اور شیراکوٹ میں رہائش پذیر تھا۔ فرحان نے ایک شخص سے سود پر رقم لے رکھی تھی۔ سود نہ دینے پر سود خور نے اسے گھر آکر طعنے اور گالیاں دیں جس پر فرحان نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھالیں۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے مقتول کے ورثا کو اطلاع کردی ہے۔ دوسری طرف گجرات میں 20 سالہ نوجوان گھریلو ناچاقی کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر کنویں میں چھلانگ لگا کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ عاطف صدیق ٹریکٹر ورکشاپ میں کام کرتا تھا۔ پولیس نے نعش کنویں سے نکال کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔

مزیدخبریں