فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر کے علاقہ میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات، مشتعل نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کرکے اپنی سوتیلی ماں اور دو سوتیلی بہنوں کو قتل کر دیا۔ ملزم نے قتل کے بعد خود ہی گرفتاری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق چھوٹا خانوآنہ کے رہائشی ملزم علی عباس کے والد نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور ان کے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز ہونے والے جھگڑے پر مشتعل ہو کر علی عباس نے فائرنگ کر کے اپنی سوتیلی ماں میمونہ بی بی اور اس کی دو بیٹیوں فروا اور نادیہ کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ تینوں زخمی خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ملزم علی عباس نے تھانہ جا کر گرفتاری دے دی۔ تہرے قتل کی اطلاع پر دیہاتیوں کی کثیر تعداد اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیں اور ملزم کو حوالات منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔