لاہور(آئی این پی) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری نے فروری سے چاروں صوبوں کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے ظلم‘ ناانصافی اور کرپشن کو ختم کر کے ہی مسائل سے بچایا جا سکتا ہے ‘حکمرانوں نے قوم سے وعدے کئے مگر کسی پر آج تک عمل نہیں ہو سکا مگرہم قوم سے جو بھی وعدے کریں گے ان پر مکمل عمل کیا جائیگا۔ اپنے ایک انٹرویو میں افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ میں نے پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے دوروں کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے اور فروری سے چاروں صوبوں کا دورہ کروں گا جس میں پارٹی میں نئے لوگوں کی شمولیت کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بھی فیصلے اور مشاورت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایسی ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے کیونکہ جب حکمرانوں پر خود کرپشن کے الزامات ہوں گے تو وہ ملک میں احتساب کا شفاف نظام کیسے لاسکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں ذاتی فائدے کیلئے نہیں بلکہ کو کرپشن‘ ظلم‘ ناانصافی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے آیا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ عوام میرا ساتھ دیں گے۔